اسلام آباد: وفاقی حکومت آج رات 12 بجے ختم ہو جائے گی جس کے بعد ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ مسلسل دوسری جمہوری حکومت اپنی 5 سالہ آئینی مدت مکمل کرے گی۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی کابینہ آج رات 12 بجے تحلیل ہو جائے گی اور اس سے قبل وہ وزیراعظم ہاؤس کے عملے اور افسران سے الوداعی ملاقاتیں کریں گے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو مسلح افواج کے دستے چیف ایگزیکٹو آفس سے روانگی کے موقع پر سلامی بھی پیش کریں گے۔
مزید پڑھیں: ناصر سعید کھوسہ کی نگران وزیراعلیٰ پنجاب بننے سے معذرت
ملکی تاریخ میں دوسری مرتبہ جمہوری حکومت نے اپنی 5 سالہ آئینی مدت پوری کی۔ مسلم لیگ (ن) سے قبل پیپلز پارٹی نے اپنی 5 سالہ مدت پوری کی تھی اور دونوں جماعتوں کی حکومت میں وزارت عظمیٰ کے منصب پر رہنے والے شخصیات کی مدت میں کسی حد تک مماثلت ملتی ہے۔
وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے بطور 18ویں منتخب وزیراعظم کی حیثیت سے 10 ماہ خدمات انجام دیں۔ ان سے پہلے اس عہدے پر نواز شریف نے 4 سال ایک ماہ اور 23 دن خدمات انجام دیں جنہیں اعلیٰ عدالت نے پاناما کیس میں نااہل قرار دیا تھا۔
اسی طرح پیپلز پارٹی کی 2008 سے 2013 تک حکومت میں ملک کے 16ویں وزیراعظم یوسف رضا گیلانی اس عہدے پر 4 سال 2 ماہ اور 25 دن فرائض انجام دیتے رہے اور انہیں بھی اعلیٰ عدالت نے نااہل قرار دیا تھا۔
یوسف رضا گیلانی کے بعد راجا پرویز اشرف نے 17ویں وزیراعظم کی حیثیت سے 9 ماہ اور دو دن فرائض انجام دیے اور 5 سالہ دور حکومت کی مدت پوری کی۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں