پشاور: رمضان المبارک شروع ہوتے ہی پشاورمیں ہاتھوں سے بنائے گئے مٹی کے برتنوں کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے اور خاص کر لوگ مٹی سے بنے پانی پینے کے گلاس اور جگ خرید رہے ہیں جبکہ کھانا کھانے کی پلیٹوں اور ہانڈیوں کی خریداری کی بڑھ گئی ہے ۔جدید دور میں بھی صوبائی دارالحکومت پشاور میں پرانی ثقافت مٹی کے برتنوں کی تیاری اور فروخت جاری ہے اور پشاور کے شہری ابھی بھی مٹی کے برتنوں میں پانی پینے اور کھانا کھانے کو پسند کرتے ہیں ۔شہر کے اکثر علاقوں میں مٹی کے برتنوں کی فروخت میں عام دنوں کی نسبت رمضان المبارک کے مہینے میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے ۔
اندرون شہر ہشت نگری،فقیر آباد،دلہ زاک ،اشرف روڈ،قصہ خوانی،خیبر بازار اور پشاور صدر کے علاقوں میں فٹ پاتھوں ،دکانوں اور ہتھ ریڑھیوں پر مٹی کے برتن فروخت کئے جارہے ہیں ۔جن برتنوں کی فروخت میں اضافہ ہوا ہے ان میں پانی پینے کا گلاس،کٹورااور جگ شامل ہے جبکہ کھانا کھانے کی پلیٹوں اور ہانڈیوں کی فروخت میں بھی نمایاں اضافہ دیکھا گیا ہے ۔