مظفرآباد: آزادکشمیر کے وزیر تعلیم سکولز و کالجز اور ایم سی ڈی پی پروگرام بیرسٹر افتخار گیلانی نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے محکمہ تعلیم میں سیاسی مداخلت کے بجائے میرٹ پر تقرریوں کیلئے این ٹی ایس نافذ کر کے آزاد خطہ کے با صلاحیت اور پڑھے لکھے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں، گزشتہ ادوار میں میرٹ کی پائمالی اور من پسند افراد کو نواز کر اداروں کو تباہ کیا گیا۔ عوام اب مثبت تبدیلیاں محسوس کر رہے ہیں مسلم لیگ ن نے اپنے انتخابی منشور میں عوام سے جو وعدہ کیا تھا اسے پورا کر کے دکھائیں گے اب سیاسی مداخلت کے بجائے بھرتیاں میرٹ پر ہوں گی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف عوامی وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ان کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر کی ترقی میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ نہیں آنے دی جائیگی وزیراعظم کمیونٹی انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ پروگرام کے تحت آزادکشمیر کے شہریوں کیلئے بلا تخصیص تعمیر و ترقی کے منصوبہ جات مکمل کئے جائیں گے۔ سابقہ ادوار میں عوام کے ساتھ ہونیوالی نا انصافیوں کا ازالہ کیا جائے گا موجودہ حکومت نے کرپشن اور سفارشی کلچر کو دفن کر دیا ہے ، عوام حکومت کی کارکردگی سے مطمئن ہیں آزادکشمیر کے طلباء اور نوجوان ہمارا مستقبل ہیں انہیں مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے کیلئے حکومت ہر ممکن وسائل مہیا کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر میں صحت کی سہولیات کو بہتر بنانے کیلئے ہسپتالوں میں ایمرجنسی سروسز کی بہتری کیلئے عملی اقدامات اٹھائے ہیں آزادکشمیر کے عوام کو صحت کی بنیادی سہولیات فراہم کرنے کیلئے وسائل مہیا کر رہے ہیں۔ گزشتہ ادوار میں عوام کو صحت کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے کوئی عملی اقدامات نہیں اٹھائے گئے صرف زبانی جمع خرچ کر کے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا گیا۔