ماسکو :سعودی عرب کے نائب ولی عہد اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا ہے کہ سعودی مملکت اور روس نے مل جل کر بہت کچھ حاصل کر لیا ہے اور وہ مزید کے حصول کے لیے کوشاں ہیں۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق انھوں نے یہ بات ماسکو میں روسی صدر ولادی میر پوتین سے ملاقات کے بعد کہی ۔
انھوں نے کہا کہ الریاض اور ماسکو میں تیل مارکیٹ کے معاملے پر کوئی اختلاف وتضاد نہیں ہے۔اس موقع پر صدر ولادی میر پوتین نے کہا کہ ان کا ملک سعودی شاہ سلمان کے ماسکو کے دورے کا شدت سے منتظر ہے۔
انھوں نے سعودی عرب اور روس کے درمیان دو طرفہ تعلقات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ توانائی کے شعبے میں سمجھوتے دونوں ملکوں کے لیے بڑی اہمیت کے حامل ہیں۔روسی صدر نے اوپیک اور تیل پیدا کرنے والے ممالک کے درمیان تعاون کے ضمن میں سعودی عرب کے کردار کو سراہا اور اس کا شکریہ ادا کیا۔
نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں