کسی امیدوار کو اغوا نہیں کیا، پی ٹی آئی نے آصفہ بھٹو کی کامیابی متنازعہ بنانے کی کوشش کی: سعید غنی

کسی امیدوار کو اغوا نہیں کیا، پی ٹی آئی نے آصفہ بھٹو کی کامیابی متنازعہ بنانے کی کوشش کی: سعید غنی

کراچی : پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی کا کہنا  ہے کہ آصفہ  بھٹو کی کامیابی  کیخلاف سیاسی  جماعتیں پروپیگنڈا کررہی ہیں۔بےبنیاد الزام لگایا گیا،ہم نے کسی امیدوار کو اغوانہیں کیا۔پی ٹی آئی نے آصفہ بھٹو کی فتح کو بھی متنازعہ بنانے کی کوشش کی۔

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سعید غنی نے کہا کہ نوابشاہ کی نشست پر پیپلز پارٹی ہمیشہ بڑی لیڈ سے کامیاب ہوتی رہی ہے، 2018 میں بھی پیپلز پارٹی نے اس نشست سے بڑی لیڈ میں کامیابی حاصل کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کو نوابشاہ کی نشست پر  50 ہزار ووٹوں کی برتری تھی۔ پی ٹی آئی نے آصفہ بھٹو کی فتح کو متنازعہ بنایا، آصفہ بھٹو کے مد مقابل کسی امیدوارکی حیثیت ہی کوئی نہیں، اگر وہ الیکشن لڑتیں تو شاید آصف زرداری سے زیادہ ووٹ لیتیں۔

سعید غنی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا پروپیگنڈا سیل ہر چیز کو متنازعہ بنانےکی کوشش کرتاہے، آصفہ بھٹو کے مدمقابل 11 امیدواروں نےکاغذات داخل کیے۔


پی پی رہنما کا کہنا تھا کہ شیرمحمد رند اور ان کے بیٹے کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے، بلوچستان میں مفرور ہونےپر شیر محمد رند کےکاغذات مسترد ہوئے اور انہوں نے کاغذات مسترد ہونےپر اپیل ہی نہیں کی۔

ان کا کہنا تھا کہ غلام مصطفی رند نےحیسکو واجبات جمع نہیں کرائے۔ یہ امیدوار تو ہمارےحق میں دستبردار ہونےکو تیار تھا، امیدوار بجلی بل جمع کرا دیتا تو کاغذات بحال ہو جاتے، امیدوار نے بری شکست کا اندازہ کرکے بل خود جمع نہیں کرایا۔

پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ جی ڈی اے اور جے یو آئی ایف کو سندھ میں شکست ہوئی، جے یو آئی کا کوئی ایک امیدوار فارم 45 سامنے لے آئے کہ وہ جیتے تھے۔