نئی دہلی: نئی دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال کو گرفتار کرنے کے بعد عام آدمی پارٹی کے دفتر کو بھی سیل کر دیا گیا ہے۔اروند کیجری وال کی غیر قانونی گرفتاری پر امریکہ اور جرمنی کے بعد اب یو این نے بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
سیکرٹری جنرل اقوام متحدہ کے ترجمان کا کہنا تھا کہ امید رکھتے ہیں اروند کیجری وال کا معاملہ انصاف کے اصولوں کے تحت حل ہو گا، جرمنی اور امریکہ کے بعد یو این نے بھی اروند کیجری وال کے لیے منصفانہ، شفاف اور بروقت کارروائی کا مطالبہ کردیا۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ مودی سرکار ہر سیاسی شخصیات کو تحفظ فراہم کرے تاکہ ہر کوئی آزاد اور منصفانہ ماحول میں ووٹ ڈالنے کے قابل ہو۔
اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کے ترجمان کا کہنا تھا کہ اروند کیجریوال پر منی لانڈرنگ کا الزام لگانے والوں میں سے ایک بی جے پی میں شامل ہو گیا ہے جبکہ دوسری جانب گزشتہ کئی برسوں میں بی جے پی کو کروڑوں روپے کی غیر قانونی فنڈنگ کی گئی۔
بھارتی تجزیہ نگاروں کا کہنا ہے کہ انتخابات میں شکست کے خوف سے مودی سرکار نے بھارت کے اندر خوف و ہراس کی فضا قائم کر رکھی ہے، مودی سرکار کی جانب سے کرپشن کو منظر عام پر لانے والوں کی آواز کو دبایا جارہا ہے۔
بھارتی تجزیہ نگاروں کا مزید کہنا ہے کہ دیگر ممالک کو بھی بھارت میں انتخابات سے قبل ہونے والی بے ضابطگیوں اور دھاندلی پر آواز اٹھانی چاہیے۔
مزید برآں بھارتی میڈیا کے مطابق عام آدمی پارٹی کے رہنما گوپال رائے کاکہنا ہےکہ دہلی کے رام لیلا میدان میں کیجریوال کی گرفتاری کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔