واشنگٹن :امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر فردجرم عائد کردی گئی جس کے بعد وہ مجرمانہ الزامات کا سامنا کرنے والے پہلے امریکی صدر بن گئے۔
مین ہٹن کی گرینڈ جیوری نے معاملے پر ووٹنگ کی ہے اور امریکی میڈیا کے مطابق جیوری اس نتیجے پر پہنچی کہ سابق صدر کے خلاف کارروائی کی جانی چاہیے۔
تفصیلات کے مطابق مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کا دفتر سابق صدر کیخلاف الزامات کی تحقیقات کر رہا تھا، یہ الزامات فحش فلموں کی اداکارہ اسٹارمی ڈینئلز کو معاملات چھپانے کے لیے رقوم کی ادائیگی سے متعلق دعوؤں کے بارے میں ہیں اور ان کا تعلق 2016ء کے صدارتی الیکشن کے وقت سے ہے۔
اس کارروائی سے امریکی سیاسی نظام میں بڑے پیمانے پر طوفان کھڑا ہونے کا خطرہ ہے۔ کیو نکہ کارروائی ایسے وقت کی جارہی ہے جب ٹرمپ ایک بار پھر صدارتی امیدوار بننے کی دوڑ میں شامل ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا میں اگلے برس صدارتی الیکشن ہورہے ہیں اور سابق صدر ٹرمپ واضح کرچکے ہیں کہ اگر ان پر مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے کا الزام لگایا گیا تب بھی وہ 2024ء کے انتخابات کے لیے اپنی مہم جاری رکھیں گے اور امریکی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہوگا کہ کسی بھی موجودہ یا سابق صدر کو کرمنل چارجز کا سامنا کرنا پڑے گا۔