کراچی: ناظم جوکھیو قتل کیس میں نامزد پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) کے ممبر قومی اسمبلی جام عبدالکریم کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ نے پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم کی ناظم جوکھیو قتل کیس میں 11 اپریل تک ضمانت منظور کر لی ہے۔عدالت کی جانب سے جام عبدالکریم کو ایک لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے جمع کرانے کا حکم دیدیا گیا۔
واضح رہے کہ جام عبدالکریم نے سندھ ہائیکورٹ میں ضمانت قبل از گرفتاری دائر کی تھی۔
قبل ازیں جام عبدالکریم آج پاکستان پہنچے ہیں اور اب وزیراعظم پاکستان عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد میں اپنا ووٹ استعمال کریں گے۔ پی پی رکن قومی اسمبلی غیرملکی پرواز کے ذریعے کراچی پہنچے جہاں پارٹی وزرا امتیاز شیخ، سہیل سیال اور شبیر بجارانی نے ان کا استقبال کیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ عبدالکریم ائیرپورٹ سے سخت سیکیورٹی میں روانہ ہوئے۔
ذرائع کے مطابق جام عبدالکریم مقتول ناظم جوکھیو کے گھر جاکر اہل خانہ اور ان کی بیوہ سے ملیں گے ، ناظم جوکھیو کے اہل خانہ نے رکن قومی اسمبلی جام عبدالکریم جوکھیو سمیت تمام ملزمان کو خون معاف کردیا تھا، اس حوالے سے ناظم جوکھیو کی بیوہ شیریں جوکھیو کی ویڈیو بھی منظر عام پر آئی تھی۔
ویڈیو بیان میں ناظم جوکھیو کی بیوہ شیریں جوکھیو نے کہا کہ میں بہت مجبور ہوں، میرے گھر والوں نے میرا ساتھ چھوڑ دیا ہے، میں اکیلی نہیں لڑ سکتی، اپنے بچوں کی خاطر میں نے سب ملزمان کو چھوڑ دیا اور اپنا فیصلہ اللہ تعالیٰ پر چھوڑا ہے۔