3 نیوکلیئر پاور پلانٹس کی ٹرپنگ کے باعث مختلف شہروں میں لوڈشیڈنگ

11:04 AM, 31 Mar, 2022

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وزارت توانائی نے کہا ہے کہ ملک میں 3 نیوکلیئر پاور پلانٹس کی ٹرپنگ سے کچھ علاقوں میں بجلی کی عارضی لوڈ شیڈنگ شروع ہو گئی ہے تاہم جلد ہی اس پر قابو پا لیا جائے گا۔ 
تفصیلات کے مطابق وزارت توانائی کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ چند گھنٹوں میں ان پاور پلانٹس سے بجلی کی پیداوار دوبارہ بحال ہو جائے گی جس کے بعد عارضی لوڈشیڈنگ پر بھی قابو پا لیا جائے گا۔ 
وزارت توانائی کا کہنا ہے کہ 3 نیوکلیئر پلانٹس میں ٹرپنگ کے باعث بجلی شارٹ فال بڑھنے سے ملک کے مختلف حصوں کو لوڈ شیڈنگ کا سامنا ہے تاہم چند گھنٹوں میں بجلی کی پیداوار دوبارہ شروع ہو جائے گی۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ پاور پلانٹس میں تکنیکی خرابی کے علاوہ ایندھن کی کمی کے باعث بھی بجلی کی پیدوار کم ہوئی ہے اور ملک بھر میں شارٹ فال 5 ہزار میگا واٹ تک جا پہنچا ہے جبکہ بجلی کی مجموعی پیداوار 14 ہزار میگا واٹ ہے اور طلب 19 ہزار میگا واٹ سے زائد ہے۔ 
ذرائع کے مطابق پانی کی کمی کے باعث ڈیموں سے پن بجلی کی پیداوار بھی کم ہوئی ہے جبکہ آئی پی پیز کی بجلی پیداوار 11 ہزار میگاواٹ ہے جس کے باعث مختلف شہروں میں بجلی کی 8 گھنٹے تک غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ جاری ہے۔ 
واضح رہے گزشتہ 12 گھنٹوں سے ملک کے مختلف حصوں خاص طور پر دیہی علاقوں میں بہت زیادہ لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے جس کے باعث عوام پریشانی کا شکار ہیں۔ 
ذرائع کا ہنا ہے کہ لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) کی بجلی کی طلب 4 ہزار میگاواٹ تک پہنچ گئی ہے لیکن بجلی کی پیدوار میں کمی کے باعث لیسکو کا کوٹہ کم کر کے اسے 3 ہزار 150 میگاواٹ بجلی دی جا رہی ہے اور یوں اسے 850 میگاواٹ شارٹ فال کا سامنا ہے۔ 
طلب و رسد میں فرق بڑھتے ہی شہر کے مختلف علاقوں میں جبری لوڈشیڈنگ کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے اور کسی شیڈول کے بغیر ہی مختلف علاقوں میں بجلی بند کرنے کا سلسلہ جاری ہے۔ 

مزیدخبریں