پشاور : خیبرپختوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوسرے مرحلے کیلئےمیدان آج سجے گا جس کیلئے تمام تر انتظامات مکمل ہیں۔ صوبہ بھر میں 1600 سے زائد پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیئے گئے، پولیس کے ساتھ ایف سی کے دستے بھی سکیورٹی فرائض سرانجام دیں گے۔
تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا کے آٹھارہ اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کیلئے آج میدان سجے گا، صوبے بھر کے چھ ہزار 176 پولنگ سٹیشنز میں سے ایک ہزار 609 پولنگ سٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔جبکہ پولیس اہلکاروں کی چھٹیاں منسوخ کر دی گئی ہیں، 54 ہزار سے زائد اہلکار ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔
لوئر دیر میں ہونے والے بلدیاتی الیکشن کیلئے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں لوئر دیر میں 598 پولنگ اسٹیشنز پر کل 812204 ووٹرز اپنے حق رائے دہی کا استعمال کرینگے ۔
سوات میں بلدیاتی الیکشن کا دوسرے مرحلہ میں سٹی میئر کے انتخاب کیلئے میدان سجے گا. سکیورٹی کے حوالے سے بھی سخت انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلہ کی توقع ہے ۔
ضلع مانسہرہ کی بھی پانچ تحصیلوں میں آج الیکشن ہو رہے ہیں جہاں 10 لاکھ 94 ہزار 607 ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے، پولنگ کے لیے ضلع بھر میں 864 پولنگ اسٹیشن اور 2 ہزار 658 پولنگ بوتھ بنائے گئے ہیں جس کےلیے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ہیں، 144 پولنگ اسٹیشن کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔