ارطغرل غازی میں ’آلیار بے‘ کا کردار نبھانے والے ’کیم یوکین‘ شوٹنگ کے دوران زخمی

11:08 PM, 31 Mar, 2021

لاہور: اسلامی فتوحات پر مبنی شہرہ آفاق ترک سیریز ’ارطغرل غازی‘ میں ’آلیار بے‘ کا کردار ادا کرنے اداکار کیم یوکین شوٹنگ کے دوران پیش آنے والے حادثے کے نتیجے میں زخمی ہو گئے۔ 
تفصیلات کے مطابق ترکی کے شہرہ آفاق ڈرامہ سیریل ’دیریلیش ارطغرل‘ نے آغاز سے ہی کامیابی کے جھنڈے گاڑے اور پاکستان میں اسے ملنے والی پذیرائی سے اس کی مقبولیت کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔ ترکی کی تاریخی سیریز اردو زبان میں پاکستان ٹیلی ویژن (پی ٹی وی) پر ارطغرل غازی کے نام سے نشر کی جارہی ہے جبکہ اس میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی متعدد شخصیات پاکستان کا دورہ بھی کر چکی ہیں۔ 
ارطغرل غازی میں ’آلیار بے‘ کا اہم کردار ادا کرنے والے ترک اداکار کیم یوکین اپنے نئے پراجیکٹ پر شوٹنگ کے دوران زخمی ہوگئے اور ان کا ہاتھ فریکچر ہو گیا جس کی تصاویر بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہیں اور ان کے چاہنے والے جلد صحت یابی کیلئے دعاگو ہیں۔ 
کیم یوکین نے ارطغرل غازی کے تیسرے اور چوتھے سیزن میں ’آلیار بے‘ کا کردار نبھایا جو چاؤدار قبیلے کے سردار جاندار کے بیٹے تھے اور بعد ازاں ان کی وفات کے بعد سرداری کے منصب پر فائز ہو جاتے ہیں مگر انہیں اپنے بڑے بھائی اورال اور بھابھی چولبان خاتون سمیت ان کے حامیوں کی جانب سے بے حد مشکلات کا سامنا بھی کرنا پڑتا ہے مگر وہ اس سب کے باوجود حق اور سچ پر ڈٹے ارطغرل غازی کا ساتھ دے کر سب کا دل جیت لیتے ہیں۔ 

مزیدخبریں