آرمی چیف سے یوکرائن کے سفیر کی ملاقات، دو طرفہ امور پر تبادلہ خیال

08:16 PM, 31 Mar, 2021

راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ پاکستان یوکرائن کے ساتھ اپنے تعلقات کو خاص اہمیت دیتا ہے، تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق پاکستان میں یوکرائن کے سفیر مارکین چوچوک نے راولپنڈی میں جنرل ہیڈ کوارٹرز (جی ایچ کیو) میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی، علاقائی سلامتی اور دوطرفہ اور دفاعی تعاون میں اضافے کے امور زیربحث آئے۔

دونوں جانب سے دفاعی تعاون کے سلسلے میں ، منظم فورمز اور باضابطہ تبادلے کے ذریعے دوطرفہ امور کو آگے بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان یوکرائن کے ساتھ تمام شعبوں میں دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ یوکرینی سفیر نے خطے میں امن و استحکام لانے کے لئے پاکستان کی مخلصانہ کوششوں ، خصوصا افغان امن عمل کی تعریف کی۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے پاکستان میں تعینات چین، یورپی یونین کے سفیروں اور کینیڈین ہائی کمشنر نے ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان ملاقاتوں میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق دونوں رہنماؤں کے درمیان ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، سی پیک پر پیشرفت اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

چینی سفیر نے خطے میں امن کیلئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا جبکہ افغان امن عمل کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے انسداد کورونا کیلئے چین کے تعاون کو سراہا اور کہا کہ پاک فوج چین کے ساتھ تعلقات کو بہت اہمیت دیتی ہے۔ اس ملاقات میں ڈی جی آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید بھی موجود تھے۔

اس کے علاوہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے یورپی یونین کے سفیر، کینیڈین ہائی کمشنر اور ڈنمارک کی سفیر نے بھی ملاقات کی۔ اس موقع پر باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

غیر ملکی سفیروں نے خطے کے استحکام کیلئے پاکستان کے کردار کو سراہا، افغان امن عمل کیلئے پاکستان کے کردار کی تعریف کی جبکہ پاکستان سے سفارتی سطح پر تعاون بڑھانے کا عزم کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ پاکستان باہمی مفاد پر مبنی تعلقات اور تعاون کا فروغ چاہتا ہے۔

مزیدخبریں