اسلام آباد، وفاقی وزیرسائنس وٹیکنالوجی فواد چوہدری نے حکومت اور اپوزیشن کے درمیان بیک ڈور رابطے کی تصدیق کر دی۔ان کا کہنا تھا کہ ہماری کوشش ہے کہ اپوزیشن کو مشاورتی عمل میں شامل کیا جائے ۔
تفصیلات کے مطابق فواد چوہدری نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت اور اپوزیشن کے رابطے کی تصدیق کی ہے اور کہا ہے کہ حکومت کی اپوزیشن کے اہم رہنماؤں سے بات چیت ہوئی ہے، ہماری کوشش ہے کہ اپوزیشن کو مشاورتی عمل میں شامل کیا جائے۔
وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کو بات کرنے کی دعوت دی ہے اب فیصلہ عوام کریں گے، وزیر اعظم عمران خان نے اسپیکر قومی اسمبلی کو کہا تھا کہ اپوزیشن سے بات کریں، وزیر اعظم نے بھی انھیں خط لکھ دیا ہے اب ان پر ہے کہ وہ کیا کرتے ہیں۔
میڈیا سے گفتگو میں جب ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ وزارت اطلاعات میں کب آ رہے ہیں؟ تو ان کا جواب تھا کہ میں وزارت اطلاعات کا امیدوار نہیں ہوں ۔
فواد چوہدری نے گفتگو میں اپوزیشن کو کرونا ویکسین کے معاملے میں مکمل لا علم قرار دیا، انھوں نے کہا اپوزیشن کو پتا ہی نہیں ہے کہ کرونا ویکسین کا معاملہ ہے کیا، ہمیں تو جانوروں والی ویکسینز بھی باہر سے منگوانی پڑتی ہے۔
پاک بھارت رابطوں پر ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان پیغام رسانی ہو رہی ہے، بھارت سے جو مرضی پیغام آ جائے، کشمیر کے بغیر آگے نہیں بڑھنا چاہیے۔