لاہور: باہمی رابطوں کیلئے دنیا بھر میں مقبول ترین ایپلی کیشن واٹس ایپ کے اکاؤنٹ چوری یا ہیک کرنے کیلئے ہیکرز اب ایک اور نیا حربہ آزما رہے ہیں جس سے متعلق کمپنی نے صارفین کو خبردار کرتے ہوئے چند مخصوص پیغامات سے محفوظ رہنے کی ہدایت کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق واٹس ایپ سے متعلق معلومات فراہم کرنے والے پلیٹ فارم ویب بیٹا انفو نے صارفین کو سپیم میسیجز سے خبردار کیا ہے جو دراصل ان کے اکاؤنٹس چوری کرنے کی ایک کوشش ہے۔ بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ آپ کے اکاؤنٹ کو ری نیو کرنے سے متعلق کوئی پیغامات نہیں بھیج رہا، ایسے ان آفیشل اکاؤنٹس جو واٹس ایپ پر آپ سے 6 ہندسوں پر مشتمل کوڈ کا مطالبہ کریں، انہیں بلاک اور رپورٹ کریں۔
مزید یہ بھی بتایا گیا ہے کہ واٹس ایپ اور واٹس ایپ سپورٹ کبھی بھی آپ سے 6 ہندسوں کے کوڈ کا مطالبہ نہیں کرے گا، اس طرح کے پیغامات آپ کا واٹس ایپ اکاؤنٹ چوری کرنے کی ایک اور کوشش ہے کہ واٹس ایپ پر موصول ہونے والے کوڈ کو بھیج کر ثابت کریں کہ آپ انسان ہیں ورنہ آپ کا اکاؤنٹ کل بند ہو جائے گا، برائے مہربانی اس حوالے سے بہت زیادہ محتاط رہیں اور واٹس ایپ اکاؤنٹ سیٹنگز میں جاکر ٹو سٹیپ ویری فکیشن کو فعال کریں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل بھی اس طرح کے پیغامات کے ذریعے صارفین کے اکاﺅنٹس ہیک کئے جاتے رہے ہیں جبکہ گزشتہ ایک سال میں اس قسم کے ملتے جلتے پیغامات کے ذریعے واٹس ایپ اکاؤنٹس کی ہیکنگ میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔
اس سے قبل مارچ میں خواتین کے عالمی دن پر دنیا بھر کے لوگوں کو کے ایف سی کے مفت فری فیملی بکٹ میل کی پیشکش کی گئی تھی اور یہ آفر حاصل کرنے کیلئے صارفین سے کہا گیا تھا کہ وہ یہ آفر اپنے واٹس ایپ کانٹیکٹس یا گروپس پر بارہا بھیجیں۔
بعدازاں اس حوالے سے کے ایف سی ملائیشیا نے بتایا تھا کہ یہ پیشکش دراصل ہیکرز کی جانب سے صارفین کی ذاتی معلومات چوری کیلئے بنائی گئی تھی کہ وہ ڈیل کے حصول کی خاطر ہیک ہو جائیں اور کمپنی کا اس آفر کیساتھ کسی طرح کا بھی کوئی تعلق نہیں ہے۔