حکومت ویکسین کی بلاتعطل فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے، ڈاکٹر فیصل سلطان

06:08 PM, 31 Mar, 2021

اسلام آباد: وزیر اعظم کے معاون خصوصی صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کورونا کی چینی ویکسین سائینو فارم کی مزید 5 لاکھ خوراکیں پاکستان پہنچ گئی ہیں جبکہ مزید 5 لاکھ خوراکیں کل پاکستان پہنچیں گی۔

تفصیلات کے مطابق نور خان ایئر بیس اسلام آباد میں ویکسین وصول کرنے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا کہ انسداد کورونا ویکسین کی ایک اور کھیپ پاکستان پہنچ گئی جس میں سائنو فارم کی 5 لاکھ خوراکیں شامل ہیں جبکہ سائینو فارم کی مزید 5 لاکھ خوراکیں کل بھی پاکستان پہنچیں گی۔ پاکستان میں ویکسی نیشن کا آغاز سائنو فارم سے کیا جبکہ ویکسی نیشن کی 8 لاکھ سے زائد خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ 

معاون خصوصی نے کہا کہ ملک میں کورونا کی تیسری لہر تیز ہو گئی ہے اور ماسک کے استعمال، سماجی فاصلے اور ہجوم سے اجتناب سمیت وائرس سے بچاؤ کی ایک اسٹریٹیجی ویکسی نیشن ہے، 30 مارچ سے ہم نے 50 سال سے زائد عمر کے افراد کے لیے بھی ویکسی نیشن کی رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے اور آہستہ آہستہ ان کا مرحلہ بھی آجائے گا'۔

انہوں نے مزید کہا کہ ویکسی نیشن کے مرحلے کو تیز کر رہے ہیں اور اسے ایسے مرحلے تک لے کر جانا چاہتے ہیں جہاں پاکستانیوں کی بڑی تعداد کو ویکسین لگ چکی ہو تاکہ بیماری کے پھیلاؤ میں اہم رکاوٹ پیدا کی جا سکے۔ میں اپنے چینی دوستوں کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں جنہوں نے چند ماہ قبل ویکسین نیشن کے آغاز کو ممکن بنایا اور وہ آج بھی ہمارے ساتھ کھڑے ہیں اور لگاتار ویکسین کی فراہمی ممکن بنا رہے ہیں۔ 

خیال رہے کہ گزشتہ روز نجی ٹی وی سے گفتگو میں ڈاکٹر سلطان نے بتایا تھا کہ ملک بھر میں ویکسین کے لیے 60 سال سے زائد عمر کے 8 لاکھ افراد کی رجسٹریشن ہوئی جن میں سے ڈھائی لاکھ افراد کو ویکسین کی پہلی خوراک دی جا چکی ہے۔ پنجاب میں سب سے زیادہ 4 لاکھ 90 ہزار، سندھ میں ایک لاکھ 38 ہزار، خیبرپختونخوا میں 94 ہزار، بلوچستان میں ساڑھے 4 ہزار، اسلام آباد میں 42 ہزار، آزاد جموں و کشمیر میں 20 ہزار اور گلگت بلتستان میں 11 ہزار لوگوں نے رجسٹریشن کرائی ہے۔

دوسری جانب وفاقی وزیر برائے منصوبہ اسد عمر نے کہا تھا کہ ‏پاکستان، چین کی کورونا ویکسین کین سینو بائیولوجکس وسیع پیمانے پر درآمد کرے گا جس کی 30 لاکھ خوراکیں مقامی سطح پر بنائی جائیں گی۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں اسد عمر نے کہا کہ اپریل کے وسط تک ہمیں وسیع پیمانے پر کین سینو ویکسین مل جائے گی جس سے ویکسین کی 30 لاکھ خوراکیں بنائی جائیں گی۔ 

مزیدخبریں