اسلام آباد: وزیراعظم کے نمائندہ خصوصی برائے بین المذاہب ہم آہنگی علامہ طاہر اشرفی نے کہا ہے کہ عالمی وبا سے بچاؤ کی ویکسین نہ لگوانے کی باتیں کرنا پاگل پن ہیں۔
یہ بات انہوں نے نجی ٹیلی وژن سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ علامہ طاہر اشرفی کا کہنا تھا کہ تمام شہریوں کو وبائی مرض سے بچنے کیلئے کورونا ویکسین لگوانا چاہیے۔ یہ فتویٰ بھی دیا گیا ہے کہ مخیر حضرات خرید کر مستحق لوگوں کو ویکسین لگوائیں۔
علامہ طاہر اشرفی کا ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے کہنا تھا کہ کورونا ایس او پیز پر سب سے زیادہ عمل مساجد میں ہی ہوا ہے۔ رمضان المبارک کے دوران ملک بھر میں مساجد کھلی رہیں گی، تراویح کا بھی اہتمام کیا جائے گا۔ کوئی مسجد بند نہیں کریں گے، احتیاطی تدابیر پر سب کو عمل کرنا ہے۔ حکومت تمام مذہبی جماعتوں سے رابطے میں ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے کہا تھا کہ رمضان کے دوران ملک بھر میں تمام مساجد کو ایس او پیز کیساتھ کھلا رکھا جائے گا۔
وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے فیصل مسجد میں قومی مقابلہ حفاظ کی تقریب میں شرکت کی اور اس دوران خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ گزشتہ سال کی طرح پورے رمضان میں ایس او پیز کے ساتھ مساجد کھلی رہیں گے، گزشتہ سال ایس او پیز پر سب سے زیادہ عملدرآمد مساجد میں ہوا، اس مرتبہ بھی مسجدیں آباد رکھی جائیں گی، احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کریں گے۔
نورالحق قادری کا کہنا تھاکہ ہم حج کی تیاریوں میں بھی لگے ہوئے ہیں اور سعودی حکومت جیسے ہی بتائے گی ان ایس او پیز پر حج کی تیاریاں مکمل کرائیں گے۔ اس کے علاوہ پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کیلئے کام جاری ہے، غریبوں کو کھانا دینا اور پناہ گاہوں کی تعمیر ریاست مدینہ کی جانب ابتدائی اقدامات ہیں۔