ریاض: سعودی عرب نے اہم اقدام اٹھاتے ہوئے کورونا ویکسی نیشن کرانے والے تمام ممالک کے شہریوں کو عمرہ اور حج کیلئے اجازت دینے پر غور وخوص شروع کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں سعودی عرب کے نائب وزیر صحت کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ تمام ممالک کے ایسے شہری جن کے پاس عالمی وبا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کا سرٹیفیکٹ ہوگا، انھیں عمرے اور حج کیلئے آنے کی اجازت دیدی جائے گی۔ یہ اجازت صرف اس صورت میں ہوگی جب ان کے پاس تصدیق شدہ سرٹیفکیٹ ہوگا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ سعودی حکومت اس وقت تمام ممالک کے مسلمانوں کو حج اور عمرے کی سعادت دینے کی تیاریوں میں مصروف ہے، اس حوالے سے تمام ضروری اقدامات پر غور کیا جا رہا ہے جن پر عمل کرتے ہوئے عالمی وبا کے پھیلاؤ کو روکا جا سکے۔
خبریں ہیں کہ سعودی حکام نے ہدایات جاری کی ہیں کہ تمام ممالک حج کے خواہشمند شہریوں کیلئے لازم بنائیں کہ وہ کورونا ویکسی نیشن کروائیں کیونکہ صرف تصدیق شدہ کوڈز یا سرٹیفکیٹس کے حامل افراد کو مملکت سعودی عرب میں داخلے کی اجازت دی جائے گی۔
سعودی حکومت کی جانب سے تمام ملکوں کو تصدیق شدہ ویکسی نیشن کا طریقہ کار اپنانے کیلئے مراسلے جاری کر دیئے گئے ہیں۔ ان میں واضح کر دیا گیا ہے کہ جن ملکوں کے شہری حج یا عمرہ کرنے کی خواہش رکھتے ہیں، ان کیلئے سب سے آسان حل یہی ہے کہ وہ حفاظتی ٹیکے لگوا لیں۔
خیال رہے کہ سعودی عرب نے اپنے شہریوں کو کورونا سے بچاؤ کے حفاظتی ٹیکے لگانے کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے۔ ایک اندازے کے مطابق روزانہ لگ بھگ دو لاکھ افراد کی ویکسی نیشن کی جاتی ہے۔ ان شہریوں میں 16 سال سے زائد عمر کے افراد شامل ہیں۔