عوام مک مکا کی سیاست کے خلاف آج آواز اٹھارہے ہیں:شاہ محمود قریشی

عوام مک مکا کی سیاست کے خلاف آج آواز اٹھارہے ہیں:شاہ محمود قریشی
کیپشن: فائل فوٹو

ملتان:پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 6 ماہ پہلے (ن) لیگ اور پی پی دست و گریباں تھے آج ایک جھولی میں بیٹھ گئے ہیں لیکن عوام مک مکا کی سیاست کے خلاف آج آواز اٹھارہے ہیں۔


تفصیلات کے مطابق ملتان میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پی پی 218 ضمنی الیکشن میں (ن) لیگ اور پی پی کا گٹھ جوڑ سب کے سامنے ہے، 6 ماہ پہلے (ن) لیگ اور پی پی دست و گریباں تھے آج ایک جھولی میں بیٹھ گئے، گٹھ جوڑ کی سیاست کے خلاف لوگ آواز اٹھا رہے ہیں، جنوبی پنجاب صوبہ نعرے نہیں ضرورت ہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ آج پاکستان کو سفارتی طور پر تنہا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے، پاکستان کو گرے سے بلیک لسٹ میں دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہیں لہذا ملکی مفاد کے لیے سب کو اکٹھے ہونا ہوگا، اپوزیشن رہنماؤں کو قومی سلامتی امور پر ایک ہونے کی پھر دعوت دیتا ہوں۔

وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ مہنگائی پر لوگ چلا رہے ہیں، یہ ماحول کس کا پیدا کیا ہوا ہے، پاکستان کو معاشی طور پر ان حالات میں کس نے کھڑا کیا، ڈالر مہنگا ہونے سے مہنگائی بڑھے گی لیکن سب جانتے ہیں کہ ڈالر کی قیمت مصنوعی طور پر کس نے روکے رکھی، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے، مشکل حالات کے باوجودعوام پر کم بوجھ ڈالنا چاہتے ہیں، ایسے اقدامات اٹھانے کی کوشش کررہے ہیں جس سے مہنگائی نہ ہو اور جتنا ہوسکے عوام کو اتنا رلیف ملے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ نیب سب کا احتساب کرنے کا استحقاق رکھتا ہے، نیب کے معاملات میں مداخلت کرنا حکومت کا کام نہیں ہے، نیب ہمارے لوگوں کے خلاف بھی تحقیقات کررہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ محترمہ کے نام سے بنے ادارے سے کوئی مسئلہ نہیں اور ذاتی طور پر ادارے کا نام تبدیل کرنے کے حق میں نہیں ہوں لیکن اتحادیوں نے بے نظیر انکم فنڈز پروگرام کے غلط استعمال پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔