ریاض: جنرل بورڈ برائے سیاحت و قومی ورثہ نے سیاحتی ویزوں کے ضوابط مقرر کردیئے ہیں۔ وزارت داخلہ اور سیاحتی اداروں کے علاوہ اس شعبے میں سرمایہ کاری کرنے والے اداروں کے تعاون سے غیر ملکی افراد کی مملکت میں سیاحتی ویزے پر آمد سے متعلق تمام سفارشات حکومت کو حتمی منظوری کیلئے بھیج دی گئی ہیں۔
بورڈ نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سیاحتی ویزے جاری کرنے سے پہلے اس سے متعلق تمام امو رکا جائزہ لیا گیا ہے۔ ضوابط کے تقرر کے علاوہ بورڈ نے سیاحتی ویزے کے آن لائن اجراءکا بھی انتظام کرلیا ہے۔ بورڈ کی متعلقہ کمیٹی نے وزارت اتصالات اور انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تعاون سے آن لائن ویزوںکے اجراءاور اسکے لئے ضروری دستاویزات جمع کروانے کے حوالے سے ہر پہلو کا جائزہ لیا گیا ہے۔ ضوابط کی منظوری کے بعد جو لوگ سیاحتی ویزے پر سعودی عرب آئیں گے انہیں وفود کی شکل میں سیاحتی علاقوں میں لیجانے اور تاریخی مقامات کا دورہ کروانے کےلئے بنیادی ڈھانچہ تشکیل دیدیاگیا ہے۔
اس حوالے سے ٹور آپریٹرز کی مدد بھی حاصل کی جاسکتی ہے۔ مملکت میں سیاحت کےلئے مغربی ممالک سے وفود لانے اور اس شعبے میں سرمایہ کاری کیلئے مقامی کمپنیوں کو اجازت نامہ جاری کیا جائیگا۔ واضح رہے کہ 2020 قومی پروگرام کے تحت سیاحتی ویزے جاری کرنے کا منصوبہ پیش کیا گیا تھا۔ تیل کے علاوہ دیگر ذرائع آمدنی میں سیاحتی ویزوں کا اجراءبھی شامل ہے۔ دوسری جانب بورڈ کے سربراہ شہزادہ سلطان بن سلمان نے غیر ملکی خبررساں ایجنسی سے گفتگو میں کہا ہے کہ سعود عرب سیاحت کے شعبے میں قدم رکھ رہا ہے۔
ہم اپنی روایات ، ثقافت اور عادات کے علاوہ دین کی بنیادی تعلیمات کے دائرے میں رہتے ہوئے بیرون ملک سے آنے والے سیاحوں کا استقبال کرینگے۔ سیاحوں کیلئے سعودی عرب کی سرزمین میں بہت کچھ ہے۔ یہاں صاف ستھری سیاحت کی جاسکتی ہے۔