جو شخص ملک کیلئے کام کرتا ہے اس کو عدالتوں میں گھسیٹا جاتا ہے، وزیراعظم

جو شخص ملک کیلئے کام کرتا ہے اس کو عدالتوں میں گھسیٹا جاتا ہے، وزیراعظم

ڈی جی خان: وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا یقین ہے آئندہ انتخابات میں ن لیگ ڈی جی خان سے کامیاب ہو گی کیونکہ ہماری جماعت تمام علاقوں میں ترقیاتی کام کروا رہی ہے جبکہ ڈی جی خان کے علاقے میں 18 ارب کی لاگت سے دو بڑی شاہراہیں تعمیر ہو رہی ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا ڈی جی خان میں اسکول اور اسپتال بن رہے ہیں جبکہ سیاست کے فیصلے عوام پر چھوڑ دیں اور جو شخص ملک کیلئے کام کرتا ہے اس کوعدالتوں میں گھسیٹا جاتا ہے. اس کے علاوہ  سب نے کوشش کی مسلم لیگ ن کام نہ کر سکے۔

یہ خبر بھی پڑھیں: نواز شریف اور مریم کیخلاف توہین عدالت کی درخواستوں پر نیا فل بینچ تشکیل

وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے اپنے خطاب میں کہا جوزرداری نے پاکستان کے ساتھ کیا وہ سب جانتے ہیں اور 2013 میں عوام کو زرداری کو گھر بھیج دیا کیونکہ ملک میں بیروزگاری عروج پر تھی اور ملک اندھیروں میں تھا اور پاکستان کی انڈسٹری بند ہو چکی تھی لیکن ہماری حکومت نے بجلی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے دن رات کام کیا اور آج ملک کی روشنیاں دوبارہ لوٹ آئیں ہیں۔

انہوں نے کہا اس وقت پاکستان میں ہر جگہ مسلم لیگ ن اور نواز شریف کا کام نظر آتا ہے جبکہ 15 سال کی خرابیاں 5 سال میں دور نہیں کی جا سکتیں لیکن ان سب کے باوجود ہم نے بہت ساری مشکلات پر قابو پا لیا ہے۔

مزید پڑھیں: تحریک انصاف کی ایم پی اے نے مسلم لیگ (ق) میں شمولیت اختیار کر لی

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ گالیاں دینے والے گالیاں دینا ہی جانتے ہیں ان سے خیرکی توقع نہ رکھیں جبکہ ہم نے کسی کو گالی نہیں دی اور کسی کی پگڑی نہیں اچھالی۔ سازشیں ہوئیں اور حکومت کو ہٹایا گیا لیکن عوام اسکا جواب پولنگ اسٹیشن پر دینگے۔

وزیراعظم نے کہا لوگوں نے کہا مجھے چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے معاملے پر مداخلت نہیں کرنی چاہیے لیکن آخری دم تک مداخلت کرتا رہوں گا اور اس برائی کا خاتمہ جہاد سمجھتا ہوں کیوںکہ جس ایوان کی بنیاد کرپشن پر ہو کیا وہ ایوان پاکستان کے مفاد کیلئے کام کر سکتا ہے؟۔ کیا ہمارے سینیٹرز وہ لوگ ہونے چاہیے جو پیسے دے کر سینیٹ میں آئیں؟۔ انہوں نے کہا اس برائی کو عوام کے سامنے رکھنا اپنا فرض سمجھتا ہوں اور آج اس برائی کا خاتمہ نہیں کیا تو یہ جڑیں کھوکھلا کر دے گی۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں