اہم کیسز میں اعلیٰ افسران کے اثر انداز ہونے کی شکایات، چیئرمین نیب کا نوٹس

12:16 PM, 31 Mar, 2018

لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے نیب میں جاری اہم کیسز میں بعض اعلیٰ افسران کے اثرانداز ہونے کی شکایات کا نوٹس لے لیا۔ چیئرمین نیب کو نیب ہیڈکوارٹرز کے کچھ افسران سے متعلق کیسز پر اثر انداز ہونے کی شکایات ملی تھیں۔

چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال کی جانب سے نوٹس لینے کے بعد ڈی جی آپریشنز ڈویژن کی جانب سے تمام ریجنز کو تنبیہی مراسلے جاری کیے گئے ہیں۔

مزید پڑھیں:احمد رضا مانیکا کا تحریک انصاف کو خیر باد کہنے کا فیصلہ

مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تمام افسران اپنی قانونی حدود میں رہ کرکام کریں اور کیسز کی تفتیش کے دوران افسران قانونی تقاضوں اور میرٹ کا خیال رکھیں جبکہ جاری کیسز کی تحقیقات کے دوران کسی قسم کے دباؤ میں نہ آیا جائے۔

مراسلے میں تنبیہ کی گئی ہے کہ کیسز کی تفتیش میں کسی فریق کی حمایت کا تاثر بھی نہیں ملنا چاہیے اور بے جا مداخلت کرنے والے افسران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

 

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں