غیرمعیاری چشمے نظر کو متاثر کر سکتے ہیں، ماہرین امراض چشم

غیرمعیاری چشمے نظر کو متاثر کر سکتے ہیں، ماہرین امراض چشم

اسلام آباد: امراض چشم کے ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ غیرمعیاری چشمے نظر کو متاثر کر سکتے ہیں۔ ماہر امراض چشم کا کہنا ہے کہدھوپ سے آنکھوں کو بچانے کے لئے چشمے فائدہ مند ہیں لیکن چشموں کا معیاری ہونا ضروری ہے۔

انہوں نے کہا کہ غیرمعیاری چشموں کے استعمال سے دھندلا پن، سر میں درد اور بعدازاں بینائی پر بھی برے اثرات مرتب ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ غیرمعیاری چشموں سے پیدا ہونے والی زہریلی شعاعیں آنکھوں کےلئے انتہائی نقصان دہ ہیں بالخصوص ڈرائیونگ کرتے وقت ہمیشہ معیاری چشمہ استعمال کرنا چاہیے کیونکہ غیرمعیاری چشموں کے استعمال سے پیداہونے والے دھندلے پن اور سائے سے دوران ڈرائیونگ مشکلات کا سامنا ہو سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چشمے ہمیشہ اپنے بھروسہ کے دکاندار سے معیاری اور دیکھ بھال کر ہی خریدنے چاہئیں۔ جڑواں شہروں میں گرمی کے باعث چشموں کی دکانوں اور سڑک کنارے ٹھیلے سجائے دکانداروں سے بڑی تعداد میں ہر عمر کے لوگ دھوپ سے بچنے کے لئے چشمے خریدتے نظر آ تے ہیں۔ راولپنڈی صدر میں ایک دکاندار نے بتایا کہ ہمارے پاس معیاری برانڈز کے چشمے ہوتے ہیں جن کی قیمت 1500سے شروع ہو کر کئی ہزار تک جاتی ہے۔

گرمیوں میں ان چشموں کی فروخت میں اضافہ ہو جاتا ہے لوگ زیادہ تر فیشن کے مطابق اور گہرے رنگوں کے چشمے پسند کرتے ہیں۔