لاہور،پشاور: ملک کے کونے کونے میں فسادیوں کیخلاف آپریشن ردالفساد جاری ہے۔ لاہور ،پشاور سمیت مختلف شہروں سے سیکڑوں مشتبہ افراد کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمدکر لیا گیا۔لاہور کے علاقہ سبزی منڈی اور نشتر کالونی میں پولیس کی بھاری نفری نے گرینڈسرچ آپریشن کیا،110 سے زائدگھروں کی تلاشی اور 338 افراد کی چیکنگ کے دوران متعددمشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا۔
پشاور میں داودزئی،پہاڑی پورہ اور صدر کے علاقوں سے پولیس نے 45مشتبہ افراد کو گرفتار کرکےاسلحہ برآمد کر لیا۔ راولپنڈی کے ریس کورس ایریا میں حساس اداروں نے داخلی و خارجی راستے سیل کرکے سرچ آپریشن کیا۔ جس دوران بدنام زمانہ ڈکیت،اور متعدد قتل کے مقدمات میں پولیس کو مطلوب ارشد لنگڑا کو گرفتار کرلیا گیا۔ لودھراں اور بھکر میں بھی قانون نافذکرنےوالےاداروں نے 22مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا،جنہیں تفتیش کے لئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔آئی ایس پی آرکے مطابق فورسز نے خفیہ معلومات پر نوشکی میں کارروائی کی اور شرپسندوں کو گرفتار کرکےبڑی تعداد میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کر لیا۔