التوا کی درخواست مسترد، عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں بیان قلمبند کرانے کیلئے عمران خان کو کل طلب کرلیا 

05:06 PM, 31 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: اسلام آباد کی ضلعی عدالت نے توشہ خانہ ریفرنس میں بیان قلمبند کرانے کے لیے سابق وزیراعظم عمران خان کو  کل ساڑھے نو بجے ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے۔

عدالت نے عمران خان کے وکیل خواجہ حارث کی طرف سے دائر کر دہ 342 کا بیان ملتوی کرنے کی درخواست مسترد کر دی۔مقامی عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے اس توشہ خانہ ریفرنس کی سماعت کی۔ اس ریفرنس میں الیکشن کمیشن کے دو گواہان کے بیانات پہلے ہی قلمبند ہو چکے ہیں۔

 گواہان میں ایک گواہ کابینہ ڈویژن کے جوائنٹ سیکریٹری اور دوسرے اسلام آباد کے ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر تھے۔ ان گواہان پر عمران خان کے وکیل خواجہ حارث نے جرح مکمل کی تھی۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے اپنا بیان قلمبند کرانے کی التوا کی درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ وہ آجکل 180 کیسز میں مختلف عدالتوں کے سامنے پیش ہورہے ہیں اور انھیں بیان کی تیاری کے لیے وقت درکار ہے۔

مزیدخبریں