باجوڑ : باجوڑ خود کش دھماکے میں شہدا کی تعداد 54 ہوگئی ، 200 سے زائد زخمی کی اطلاعات ہیں۔ پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات میں پتاچلا ہے کہ واقعہ میں کالعدم تنظیم داعش ملوث ہے۔
ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی شوکت عباسی کا کہنا تھا کہ دھماکا 4 بج کر 10 منٹ پر ہوا ۔ جائے وقوعہ سے سے بال بیرنگ ملے ہیں۔دھما کے میں کوئی خاص ٹارگٹ تھا ، ملزمان تک تقریباً پہنچ چکے ہیں۔
دوسری جانب خود کش دھماکے کی تحقیقات کیلئے سی ٹی ڈی ، سپیشل برانچ ، بی ڈی یو اور مقامی پولیس افسران پر مشتمل جائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دی گئی ۔
ذرائع کے مطابق دھماکے سے متعلق محکمہ انسداد دہشتگردی نے شواہد اکٹھے کرلیے۔تحقیقاتی ٹیم نے دو مرتبہ دھماکے کی جگہ دوہ کیا اور وہاں سے شواہد اکھٹے کرکے فرانزک کیلئے لیبارٹری ارسال کردیئے ہیں۔ٹیم نے دھماکے کے زخمیوں کے بیانات بھی قلمبند کئے جبکہ جائے وقوعہ پر جیو فیکسنگ بھی کی۔
یاد رہے کہ دھماکے کی ایف آئی آر تھانہ خار کے ایس ایچ او نیا ز محمد کی مدعیت میں تھانہ سی ٹی ڈی باجوڑ میںنامعلوم حملہ آور کیخلاف درج کرلی گئی ہے، ایف آئی میں دہشتگردی ، قتل ، اقدام قتل اور دیگر دفعات شامل کئے گئے ہیں۔