قوم رضوانہ بیٹی کی صحت کیلئے دعا کرے، جج کی اہلیہ کو فوری گرفتار کیا جائے: مریم اورنگزیب 

01:51 PM, 31 Jul, 2023

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے 14 سالہ گھریلو ملازمہ رضوانہ پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ زندگی اور موت کی کشمکش میں مبتلا رضوانہ کو انصاف دینے کی بجائے ملزمان کو ضمانتیں ملنا افسوسناک اور لمحہ فکریہ ہے۔ مظلوم بیٹی کو انصاف دیا جائے، اور ملزمہ کو گرفتار کیا جائے۔ 

اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے وزیراعلیٰ پنجاب سید محسن نقوی کو واقعہ کا نوٹس لے کر رضوانہ کو انصاف دلانے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی ہے۔ مظلوم بیٹی رضوانہ کو انصاف دلائیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ حکومت ہر ممکن کردار ادا کرے گی تاکہ جرم کرنے والے قانون کے مطابق سزا پائیں۔ انہوں نے کہا کہ کوئی بھی معاشرہ ایسا ظلم کرنے والے عناصر کو برداشت نہیں کرسکتا، رضوانہ کو اس حال میں پہنچانے والوں کو قانون کے مطابق سخت سزا ملنی چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ واقعہ بچوں سے مشقت اور ان کے ساتھ وحشیانہ سلوک کی انتہائی قابل شرم اور قابل مذمت مثال ہے۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے قوم سے رضوانہ کی صحت یابی کیلئے دعا کی اپیل کی۔

 انہوں نے کہا کہ رضوانہ کو جو جسمانی اور ذہنی صدمات پہنچے، ان کے ازالے کے لئے سب کو مل کرکام کرنا ہوگا، اس بچی کو انصاف دینا عدلیہ کی ساکھ کے لئے بہت بڑا امتحان ہے۔

مزیدخبریں