اسلام آباد : چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے توشہ خانہ کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی ہے۔
عمران خان کی درخواست کے متن کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ نے ٹرائل کورٹ کو کارروائی سے نہیں روکا۔ حکم امتناع نہ دینے سے ٹرائل کورٹ میں سماعت مکمل ہو جائے گی۔
درخواست کے مطابق ٹرائل مکمل ہونے کے بعد ہائیکورٹ میں اپیلیں غیر موثر ہو جائیں گی۔ ہائیکورٹ کو حکم امتناع پر منظور یا مسترد کا آرڈر کرنا چاہیے تھا۔
عمران خان نے سپریم کورٹ میں دائر اپیل سماعت کے لیے منظور کی جانے کی استدعا کی ہے اور کہا ہے کہ ٹرائل کورٹ کو کارروائی آگے بڑھانے سے روکا جائے۔
رجسٹرار سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست کو نمبر لگا دیا ۔ رجسٹرار آفس کی جانب سے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست پر کوئی اعتراض عائد نہیں کیا گیا۔ رجسٹرار سپریم کورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی کی درخواست کو کریمنل پٹیشن 877/2023 نمبر لگایا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی جانب سے اب سے تھوڑی دیر قبل ہی درخواست دائر کی گئی ہے۔ چیئرمین پی ٹی آئی نے کل یکم اگست کو کیس سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔