اسلام آباد: اسلام آباد چیمبر کے صدر محمد شکیل منیر کہتے ہیں کہ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر گررہی ہے۔انٹرنیشنل ڈونرز اور دوست ممالک پاکستان کی مدد کرنے میں ہچکچاہٹ محسوس کررہے ہیں۔ہماری معیشت کو ایک بڑے طوفان کا سامنا ہے جو سب کیلئے لمحہ فکریہ ہے۔ اسلام آباد چیمبر نے آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا بھی اعلان کیااور کہا کہ اپوزیشن اور حکومتی تمام جماعتوں کو بلا کر درخواست کی جائے گی کہ معیشت کی بہتری کیلئے اکٹھے ہوجائیں۔
اسلام آباد میں چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر محمد شکیل منیر نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے ہر کوئی پریشان ہے۔ ہم کسی پولیٹکل گیم کا حصہ نہیں ۔ہم یہاں کسی پارٹی کی مخالفت یا حمایت کیلئے جمع نہیں ہوئے۔ ہمارا واحد مقصد پاکستان کی بقا اور سلامتی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا ہے۔
چیمبر رہنما زبیر ملک نے کہا کہ ملک کو موجودہ حالات سے نکالنے کیلئے ہم سب کو آگے بڑھنا ہوگا۔ ہمارا مقصد کاروبار، معیشت اور ملک کے مفاد کو بہتر بنانا ہے۔ہم بزنس کمیونٹی کی نمائندگی کرتے ہیں سب سے پہلے ہمیں آگے آنا ہوگا۔کانفرنس میں جو تجاویز اور سفارشات تیار کرینگے ان کو وفاق اور صوبائی حکومتوں کو بھیجیں گے۔
خالد اقبال ملک کا کہنا تھا کہ معیشت کی صورتحال انتہائی سنگین ہوگئی ہے۔ملک کی سلامتی اور استحکام کو خطرہ لاحق ہوسکتا ہے۔ موجودہ پولرائزیشن کو فوری ہم کرنےکی اشد ضرورت ہے ۔تمام پارلیمنٹ اور صوبائی اسمبلیوں کو ایک پلیٹ فام پر جمع ہونے کی ضرورت ہے۔