گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سکھر بیراج سے 12 لاشیں برآمد

12:54 PM, 31 Jul, 2022

نیوویب ڈیسک

لاہور: پاکستان کے مختلف علاقوں بالخصوص بلوچستان اور سندھ میں طوفانی بارشوں اور سیلاب کی تباہی کاریاں جاری ہیں اور گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران سکھر بیراج سے 12 افراد کی لاشیں برآمد کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ بالائی علاقوں سے سیلاب میں بہہ کر آنے والی مزید 4 لاشیں سکھر بیراج سے ملی ہیں جبکہ ڈی آئی جی سکھر جاوید جسکانی کے مطابق 13 روز میں بہہ کر آنے والی 24 لاشیں سکھر بیراج سے نکالی گئیں۔
انہوں نے بتایا کہ سکھر بیراج سے ملنے والی بیشتر لاشیں ناقابل شناخت تھیں، ملنے والی لاشوں میں تین لاشیں ہندو خواتین کی تھیں، بیراج سے نکالی گئی 20 لاشوں کی تدفین کر دی گئی ہے۔
دوسری جانب امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے سکھر بیراج پر 3 روز سے بہنے والی 3 لاشوں کی ویڈیو شیئر کی اور کہا کہ آج سکھر بیراج سے گزرنا ہوا، تین دنوں سے یہاں تین لاشیں تیر رہی ہیں، تھانہ روہڑی اور تھانہ سکھر میں حدود کے اختلاف کی وجہ سے انہیں نکالا نہیں جا سکا۔ 
انہوں نے مزید لکھا کہ کیسا خراب طرز حکمرانی اور سنگدلی ہے، مقامی لوگوں نے بتایا کہ 23 لاشیں دیکھی گئیں جن میں سے صرف 6 کو نکالا جا سکا، سراج الحق نے اس صورتحال کو انتہائی افسوسناک اور شرمناک قرار دیا۔ 

مزیدخبریں