برمنگھم: کامن ویلتھ گیمز کے ٹی 20 کرکٹ ایونٹ میں آج روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ویمن ٹیمیں پنجہ آزمائی کیلئے میدان میں اتریں گی۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کے درمیان میچ آج دوپہر 3 بجے شروع ہو گا اور دونوں ٹیمیں ایونٹ میں اپنے پہلے پوائنٹس کے حصول کیلئے سردھڑ کی بازی لگائیں گی۔
واضح رہے کہ بھارت کو پہلے میچ میں آسٹریلیا سے شکست ہو ئی تھی جبکہ پاکستان ویمن کو بارباڈوس نے 15 رنز سے شکست دی تھی۔
بارباڈوس نے پاکستان کے خلاف میچ میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں کپتان ہیلی میتھیوز کے 51 اور کیشیا نائٹ کے ناقابل شکست 62 رنز کی بدولت 144 رنز بنائے تھے۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ویمنز ٹیم مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنا سکی تھی ، پاکستان کی جانب سے ندا ڈار نے 50 رنز بنائے مگر ان کی نصف سنچری رائیگاں گئی۔