کراچی ایکسپو سینٹر میں‌ ہنگامہ آرائی، ویکسی نیشن کا عمل روک دیا گیا

06:57 PM, 31 Jul, 2021

کراچی: شہر قائد میں سب سے بڑے ویکسی نیشن سینٹر میں ایک بار پھر مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کی جس کے بعد انتظامیہ نے ویکسین نیشن روک دی۔

لاک ڈاؤن کے پہلے روز شہری بڑی تعداد میں کراچی کے ایکسپو سینٹر میں قائم ماس ویکسی نیشن سینٹر پہنچے۔ قطار میں لگے شہری کئی گھنٹوں تک اپنی باری نہ آنے پر مشتعل ہوئے اور انہوں نے دوسری بار ہنگامہ آرائی کی۔ مشتعل افراد نے پہلے صبح اور اب شام کو ویکسی نیشن سینٹر میں کھڑکیوں و دروازوں کے شیشے توڑے۔

پولیس نے مشتعل افراد کو منتشر کرنے کی کوشش کی تو اس دوران بھگدڑ مچی کی جس کی وجہ داخلی دروازہ ٹوٹ گیا جبکہ سیکیورٹی اہلکار بھی زخمی ہوا۔

انتظامیہ کے مطابق مشتعل افراد نے ویکسی نیشن سینٹر میں ڈیوٹی دینے والے نرسنگ عملے کو زدوکوب کیا اور انہیں تشدد کا نشانہ بھی بنایا جس کے بعد ایک ہال میں ویکسی نیشن کو عارضی طور پر روک دیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ سندھ حکومت کی جانب سے تین روز قبل ویکسین نہ لگوانے والوں کی موبائل سمیں بلاک کرنے اور اُن پر مختلف پابندیاں عائد کرنے کا عندیہ دیا گیا تھا، جس کے بعد شہریوں کی بڑی تعداد ویکسین لگوانے پہنچی، یہ سلسلہ گزشتہ دو ، تین روز سے جاری ہے۔ عملے کی قلت اور شہریوں کی بڑی تعداد کی وجہ سے ایکسپو سینٹر میں ناخوشگوار واقعات پیش آرہے ہیں۔

مزیدخبریں