اسلام آباد: وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے کہا کہ کشمیری عوام نے نواز شریف کے بیانیے کو مسترد کر دیا ہے ۔ مریم نواز نے جلسوں میں مودی یا را کی کبھی مذمت نہیں کی ۔
راولپنڈی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے غلام سرور خان نے کہا کہ پہلے ہی کہا تھا نہ پی ڈی ایم رہے گی اور نہ ہی اپوزیشن رہے گی یہ اچھی بات ہے کہ اپوزیشن نے الیکٹورل پراسس میں حصہ لیا ، میں نہ مانوں ہمارا پولیٹیکل کلچر ہے ، کوئی ایسا الیکشن نہیں ہوا جس پر انگلی نہ اٹھی ہو ۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پارٹی نے الیکٹوریل ریفارمز کی بات کی ہے ۔ الیکٹروانک ووٹنگ اور اوورسیز کو ووٹنگ رائیٹ دینے پر ہم تیاری کر رہے ہیں تاکہ الیکشن ہارنے والا جیتنے والی کی جیت کو چیلنج نہ کرسکے ۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ تحریک انصاف پہلے سے زیادہ موثر جماعت بن کر ابھری ہے ۔ پاکستان کی 6 اکائیوں میں تحریک انصاف کی نمائندگی موجود ہے ۔ پیپلز پارٹی سکڑ کر سندھ کی جماعت رہ گئی جبکہ دیگر اپوزیشن جماعتیں بھی سکڑ کر ریجنل جماعتیں بن چکی ہیں ۔
غلام سرور خان نے کہا کہ افغانستان معاملہ پر ہمیشہ بڑی طاقتوں نے پاکستان کو ڈیکٹیٹ کیا ہے ۔ چائنہ پہلی مرتبہ افغانستان میں داخل ہوا ہے ۔ دوحہ میں امریکہ ، پاکستان ، چین اور روس مل کر بیٹھیں گے اور افغانستان کا پُرامن حل نکالیں گے ۔
انہوں نے کہا کہ کشمیر پریمیئر لیگ پہلی دفعہ ہورہا ہے اور بھارت کی کوشش ہے کہ اس کو خراب کرے ۔ بھارت کی جانب سے کھلاڑیوں کو دھمکانے کی مذمت کرتے ہیں ، کشمیر میں ن لیگ کی حکومت ہے ۔ الیکشن فری اینڈ فئیر ہوئے ہیں ۔
وزیر ہوا بازی نے کہا کہ اس سال نئے چار جہاز خریدنے جا رہے ہیں ، رنگ روڈ اسکینڈل پر تحقیقات چل رہی ہیں ۔ پی آئی اے کی نجکاری نہیں صرف ری اسٹیکچرنگ کر رہے ہیں ۔ اسلام آباد ائیرپورٹ کی حالت ن لیگ کی کرپشن کا شاخسانہ ہے کابینہ میں بھی اس پر تحفظات کا اظہار کیا گیا ۔
انہوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹیو خرابیوں پر کمشنر کو گرفتار کیا گیا ۔ سکینڈل کی حتمی تحقیقات نیب کرے گا ۔