ٹوکیو: ٹوکیو اولمپکس میں چین ایک بار پھر پہلے نمبر پر آگیا ، چین نے بیس گولڈ میڈل جیتے ہیں جبکہ جاپان کا دوسرا اور امریکا کا تیسرا نمبر ہے ۔
ٹوکیو اولمپکس میں امریکی تیراک کیلپ ڈریسل نے تیسرا گولڈ میڈل جیت لیا ، وہ سو میٹر بٹر فلائی ایونٹ میں بھی بازی لے گئے ، اس دوران انہوں نے عالمی ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے ، اولمپکس میں میڈل ٹیبل پر چین کی بالادستی برقرار ہے ۔
دوسری جانب ، اولمپکس کھیلوں میں بیڈمنٹن پلیئر ماحور شہزاد ، ویٹ لفٹر طلحہ طالب کے بعد اب سوئمر بسمہ خان کا بھی سفر تمام ہوگیا ۔
پاکستان کی سوئمر بسمہ خان بھی ٹوکیو اولمپکس میں شکست کے بعد میڈل کی دوڑ سے باہر ہوگئیں ۔ بسمہ پچاس میٹر فری اسٹائل سوئمنگ ایونٹ کی ہیٹ میں ہی ناکام ہوگئیں ۔
مقابلے میں آٹھ سوئمرز نے حصہ لیا جبکہ بسمہ ساتویں نمبر پر رہیں ۔ بسمہ خان کی ناکامی کے بعد ٹوکیو اولمپکس سے پاکستانی ایتھلیٹس کے باہر ہونے کی تعداد چھ ہوگئی ۔
اولمپکس مقابلوں میں اب پاکستان کے تین ایتھلیٹس باقی بچے ہیں جو آنے والے دنوں میں ایکشن میں نظر آئیں گے ، یکم اگست کو پاکستان کے دو شوٹر خلیل اختر اور غلام بشیر 25 میٹر ریپڈ فائیر میں حصہ لیں گے ۔