برلن: جرمنی میں اجرت نہ ملنے پر ملازم نے زیر تعمیر عمارت کو نقصان پہنچا کر کروڑوں روپے مالیت کا نقصان کر دیا۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق جرمنی کے علاقے بلیک فاریسٹ کے چھوٹے سے شہر بلوم برگ میں تعمیراتی کام کا ایک ٹھیکیدار اجرت نہ ملنے پر کافی پریشان تھا۔
ٹھیکیدار اجرت نہ ملنے پر بھاری مشینری کے ہمراہ پہنچا اور زیر تعمیر عمارت میں تباہی مچا دی۔ اس زیرتعمیر عمارت میں 30 مکانات ہیں اور سب میں کام جاری تھا۔ ملزم نے گاڑی کے ذریعے زیر تعمیر مکانات کے باہر والے حصے سے جڑی ہر چیز کو تباہ کر دیا جس میں دروازے بالکونیاں سمیت دیگر چیزیں شامل تھیں۔
پولیس کے مطابق عمارت کو نقصان ہونے والے تخمینہ کی لاگت تقریباً ساڑھے 4 کروڑ روپے کے قریب ہے۔ مذکورہ شخص توڑ پھوڑ کرنے کے بعد فرار ہو گیا تھا تاہم بعد ازاں اس نے خود کو پولیس کے حوالے کر دیا۔
پولیس کے مطابق ملزم پر پراپرٹی کو نقصان پہنچانے کی فرد جرم عائد کر دی گئی ہے۔