اسلام آباد : پاکستان نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق یورپی پارلیمنٹ کے اراکین کا یورپی کمیشن کے صدر اور نائب صدر کو خط کا خیرمقدم کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کہتے ہیں خط میں مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی نشاہدہی کی گئی، مقبوضہ کشمیر میں بھارت جھوٹے پروپیگنڈے کے باوجود بھارتی مظالم پر عالمی تنقید اور مذمت جاری ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں اضافہ ہوا ہے۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے 5 اگست 2019 کے بعد کم از کم تین بار جموں و کشمیر کے مسئلے پر بحث کی۔اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر نے 2018 اور 2019 میں دو رپورٹیں جاری کی ہیں ۔
رپورٹس میں مقبوضہ علاقے میں بھارت کی جانب سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی آزاد تحقیقات کا بھی کہا گیا ہے جبکہ بین الاقوامی انسانی حقوق اور عالمی میڈیا نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا مسئلہ مسلسل اٹھایا ہے۔بھارت عالمی برادری کی جانب سے کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ختم کرنے کے مطالبات کو نظر انداز نہیں کر سکتا۔