بھارت کا پاکستان کرکٹ پر ایک اور وار

08:02 AM, 31 Jul, 2021

مظفر آباد : کشمیر پریمئیر لیگ کے انعقاد پر بھارت بوکھلا اٹھا اور چھپ کر وار کردیا۔ بھارتی بورڈ کی دھمکی کے باعث 6 اگست سے شروع ہونے والے ایونٹ سے تمام غیر ملکی کرکٹرز دستبردار ہوگئے تاہم لیگ کے صدرعارف ملک نے کہا ہے کہ ٹورنامنٹ ہر حال میں ہوگا جس میں پاکستانی کر کٹرز حصہ لیں گے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ غیر ملکی کھلاڑیوں کو ان کے ایجنٹس کے ذریعے بھارتی بورڈ کی جانب سے دھمکی دی گئی تھی کہ کشمیر گئے تو ان پر آئی پی ایل سمیت انڈین کرکٹ کے دروازے بند کردیں گے۔

 کے پی ایل سے چھ غیر ملکی کرکٹرز دستبردار ہوئے ہیں ان میں ہرشل گبز، میٹ پرائر، ٹینو بیسٹ اور مونٹی پینسر شامل ہیں ۔ امکان ہے کہ پی سی بی شاداب اور فخر زمان کو این او سی جاری کردے گا۔ منتظمین محمد حفیظ، شعیب ملک اور شاہد آفریدی کو بھی شامل کریں گے۔

 ذرائع کا کہنا ہے کہ بھارتی کرکٹ بورڈ کے حکام نے انگلش اور افریقن کرکٹ بورڈ سے رابطہ کیا اور کھلاڑیوں کو کے پی ایل میں حصہ لینے پر بھارت داخلے پر پابندی کی دھمکی دی جس پر انگلش بورڈ اور افریقی بورڈ نے تاحکم ثانی کھلاڑیوں کو لیگ میں شرکت سے روک دیا اس کے بعد لیگ نے باقی غیر ملکی کھلاڑیوں سے خود معذرت کر لی۔

 مظفرآباد ٹائیگرز کے اسٹار کھلاڑی تلکارتنے دلشان نے بھارتی دبائو کے باوجود کشمیر پریمئر لیگ کھیلنے کا اعلان کردیا۔ اس فرنچائز کےچیئرمین ارشد خان تنولی نے کہا ہے کہ تلکارتنے دلشان کو ہر ممکن سہولیات اور سیکیورٹی کی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔  ان کی شر کت بھارتی کر کٹ بورڈ کے منہ پر طمانچہ ہے۔

مزیدخبریں