عمران خان کی وجہ سے ملک کو شدید خطرات لاحق ہوچکے ہیں، احسن اقبال

04:33 PM, 31 Jul, 2020

لاہور: پاکستان مسلم لیگ نواز کے مرکزی جنرل سیکریٹری احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان کی وجہ سے پاکستان کے دفاع کو خطرہ ہے، بھارت اپنے دفاع کے لیے جدید اسلحہ خرید رہا ہے۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت تباہ کر دی گئی ہے۔ آج پاکستان کے لوگوں سے جینے کا حق چھین لیا گیاہے۔ ملک کو شدید خطرات لاحق ہوچکے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ ایف اے ٹی ایف ترمیمی قانون پر کسی نے حکومت کو بلیک میل نہیں کیا۔ حکومت کی ایف اے ٹی ایف پر چوری پکڑی گئی ہے۔ کالا قانون پورے پاکستان پر لاگو ہونے جارہاتھا۔ حکومت ملک پر کالا قانون مسلط کررہی تھی۔ کوئی بھی مخالف 6 مہینے کے لیے اندر ہوجاتا۔

انہوں  نے کہا کہ کوئی نہیں جان سکتا تھا کہ حکومت کا مخالف کہاں لاپتہ ہوگیا۔ ہم ان کی چوری کو بین الاقوامی برادری کے سامنے پیش کرینگے۔ حکومت عالمی برادری کا نام لیکر پاکستانی عوام کو جکڑنا چاہ رہی تھی۔  حکومت کی چوری پکڑی گئی ہے تو یہ شور مچا رہے ہیں۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت کا ہر قانون نواز شریف اور اسحاق ڈار کو سامنے رکھ کر بنایا جاتاہے۔ میوچل لیگل اسسٹنٹ کا قانون بھی سیاسی مخالفین کو تنگ کرناہے۔ قوانین یک طرفہ نہیں ہوتے۔ مطالبہ کرتا ہوں میوچل لیگل اسسٹنٹس کا قانون بار کونسل کی مشاورت سے بننا چاہیے۔

ن لیگی رہنما نے کہا کہ نیب کا ادارہ سیاسی انجینئرنگ کے لئے ہے یہ سپریم کورٹ نے کہا ہے۔ نیب قوانین بنیادی انسانی حقوق کو سامنے رکھ کر بنایا جائے۔ نیب نے خواجہ برادران کو 16مہینے جیل میں رکھا گیا۔ خواجہ برادران کے خاندان کی بدنامی ہوئی اس کا حساب کون دےگا۔احسن اقبال نے کہا کہ حکومت نے پاکستان کے لوگوں سے جینے کا حق چھین لیا ہے۔ لوگوں کی معاشی آزادی صلب کردی گئی ہے۔  2سالوں کی حکومت میں بیشتر کاروبار تباہ ہو چکے ہیں۔

مزیدخبریں