لاہور: روز نامہ نئی بات کے اشتہارات کی بندش کے خلاف کراچی سے خیبر تک صحافی اور تاجر برادری سراپا احتجاج بن گئی اور اشتہارات کی فوری بحالی کا مطالبہ کر دیا۔
ہم نہیں مانتے، ظلم کے ضابطے صحافی برادری کا معاشی قتل نہ منظور، نہ منظور، روز نامہ نئی بات کے اشتہارات کی بندش کے خلاف شہر، شہر احتجاجی مظاہرے۔ روز نامہ نئی بات کی ایک سال میں چوتھی اور رواں ماہ میں دوسری بار اشتہارات کی بندش کے خلاف لاہور، کراچی، روالپنڈی، گوجرانوالہ، نوشہرہ سمیت دیگر شہروں میں صحافی سراپا احتجاج بن گئے۔
لاہور میں سی پی این ای کا وفد اظہار یکجہتی کیلئے نئی بات کے آفس پہنچا۔ سی پی این ای صدر عارف نظامی نے نئی بات کے اشتہارت کی بندش کا معاملہ سرکاری و نجی سطح پر اٹھانے کا اعلان کیا۔ سیکرٹری جنرل سی پی این ای ڈاکٹر جبار خٹک کا کہنا تھا کہ میڈیا پر اس قدر دباؤ ہے کہ وہ سیلف سینسر شپ پر مجبور ہوگئے۔
گروپ ایڈیٹر نئی بات عطاالرحمان نے وفد کے شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور ان سے آزادی صحافت کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہنے کی درخواست کی۔