ایل او سی کیخلاف ورزی، بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی، پاکستان کا احتجاج

03:09 PM, 31 Jul, 2019

اسلام آباد: پاکستان نے بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کر کے ایل او سی کی مسلسل خلاف ورزی پر احتجاج کیا گیا۔بھارتی ڈپٹی ہائی کمشنر کی طلبی ڈی جی ساؤتھ ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے کی۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا بھارتی افواج نے ایل او سی کے دننا، ڈھنڈیال، جوڑا، لیپا، شاہ کوٹ اور شاردہ سیکٹرز پر منگل کو بلا اشتعال فائرنگ کی، جس سے ایک شہری شہید جبکہ 9 زخمی ہوئے، بھارتی افواج مسلسل شہری آبادی کو بھاری اسلحہ سے نشانہ بنا رہی ہیں جو انسانی عظمت، بین الاقوامی انسانی حقوق اور قوانین کی خلاف ورزی ہے۔

ڈاکٹر محمد فیصل کا مزید کہنا تھا کہ بھارت کی طرف سے جنگ بندی کی خلاف ورزی علاقائی امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے۔ بھارت اپنی افواج کو فائر بندی پر مکمل عملدرآمد کا پابند بنائے، ایل او سی اور ورکنگ باونڈری پر امن برقرار رکھے اور اقوام متحدہ فوجی مبصر مشن کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق کردار ادا کرنے دے۔

مزیدخبریں