دبئی :آئی سی سی ایلیٹ پینل سے واحد بھارتی امپائرروی سندرام کی چھٹی جبکہ مائیکل گف اور جوئیل ولسن کو شامل کرلیا گیا۔
انگلینڈ کے مائیکل گف اور ویسٹ انڈین جوئیل ولسن کو آئی سی سی الیٹ پینل آف امپائرز میں جگہ مل گئی، فیصلہ امپائرز کی سالانہ کارکردگی کا جائزہ لینے کے بعد آئی سی سی کے جنرل منیجر جیف ایلرڈائس کی سربراہی میں کام کرنے والی سلیکشن کمیٹی نے کیا،اس کے دیگر ارکان میں سابق ٹیسٹ کرکٹر سنجے منجریکر، میچ ریفریز رنجن مدوگالے اور ڈیوڈ بون شامل ہیں۔گف 9ٹیسٹ، 59ون ڈے اور 14ٹی ٹوئنٹی میں امپائرنگ کرچکے۔
ولسن نے 13ٹیسٹ، 63ون ڈے اور 26ٹی 20 میچز سپروائز کیے ہیں۔ دونوں امپائرز ریٹائرڈ ای این گولڈ اور باہر ہونے والے روی سندرام کا خلا پر کریں گے۔پینل میں اب بھارت کی نمائندگی نہیں رہی،اس میں موجود پاکستان کے علیم ڈار سب سے تجربہ کار ہیں،انہوں نے 126ٹیسٹ، 206ون ڈے اور 43ٹی ٹوئنٹی میچز میں فرائض سرانجام دیے، تینوں فارمیٹ میں کسی بھی ایلیٹ امپائر کے میچز کی تعداد ان سے زیادہ نہیں ہے۔
پینل میں علیم ڈار، کمار دھرما سینا، ماریس ایراسمس، کرس گیفانے، رچرڈ ایلنگورتھ، نائجل لونگ، بروس آکسنفورڈ، رچرڈ کیٹل برو، پال رائفل، روڈ ٹکر، مائیکل گف اور جوئیل ولسن شامل ہیں۔
آئی سی سی کے سینئر منیجر ایڈرائن گریفتھ نے کہاکہ امپائرز کی کارکردگی کا جائزہ سال بھر لیا جاتا ہے،بڑی خوش قسمتی کی بات ہے کہ ہمیں سخت دباﺅ والی اس ذمہ داری میں بہترین کارکردگی دکھانے والے آفیشلز کا ساتھ حاصل رہا،مائیکل گف اور جوئیل ولسن ایلیٹ پینل میں اچھا اضافہ ثابت ہوں گے۔