مکہ : خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے تمام سرکاری اداروں کو حکم دیا ہے کہ وہ حج پر آنیوالوں کو معیاری خدمات پیش کر کے عظیم اعزاز کا حق ادا کریں۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق شاہ سلمان نے امسال اندرون و بیرون ملک سے فریضہ حج کے عازمین کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اس بات پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کیا کہ پروردگار نے سعودی عرب ، اس کے قائدین اور عوام کو حرمین شریفین اور ان کی زیارت کےلئے آنیوالوں کی خدمت کا انمول اعزاز عطا کیا ہوا ہے۔
شاہ سلمان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ تمام عازمین کو حج کے کام احسن طریقے سے ادا کرنے کی توفیق عطا فرمائے ، ان کا حج قبول فرمائے۔شاہ سلمان نے اطمینان دلایا کہ مکہ مکرمہ ، مدینہ منورہ ،منیٰ ، مزدلفہ اور عرفات میں حج پرآنیوالوں کےلئے تمام اداروں نے انتظامات مکمل کر لئے ۔