لاہور: قومی احتساب بیورو (نیب)نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان، پاکستان مسلم لیگ(ق)کے رہنماوں چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہی کو آمدن سے زائد اثاثوں پر طلب کرلیا ہے۔
نیب لاہور کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف کے ممکنہ وزیر اعلی پنجاب کے امیدوار علیم خان کو 8 اگست کی صبح 11بجے طلبی کا نوٹس دیا گیا ہے۔ علیم خان کے آمدن سے زائد اثاثہ جات پر تحقیقات کی جارہی ہیں اور وہ پہلے بھی 2 مرتبہ نیب حکام کے سامنے پیش ہوچکے ہیں۔دوسری جانب مسلم لیگ(ق)کے رہنماوں چوہدری شجاعت حسین اور چوہدری پرویز الہی کو بھی نیب لاہور نے 16اگست کو ذاتی حیثیت میں طلب کر رکھا ہے۔
یاد رہے کہ نیب میں چوہدری برادران کے اثاثہ جات کے حوالے سے بھی تحقیقات ہو رہی ہیں اور ان کے اثاثہ جات بھی موجودہ ذرائع آمدن سے مطابقت نہیں رکھتے۔