لندن: ماہرین نے ضرورت سے زیادہ ٹی وی اور ویڈیو گیمز استعمال کرنے والے افراد کو وارننگ دیدی ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ ٹیلی ویژن یا ویڈیو گیمز کے سامنے زیادہ وقت گزارنا ذیابیطس جیسے جان لیوا مرض کا باعث بن سکتا ہے۔
برطانیہ کی ایک یونیورسٹی میں ہونیوالی تحقیق میں بتایا گیا کہ جو بچے دن بھر میں تین گھنٹے سے زائد وقت ٹیلیویڑن کے سامنے یا ویڈیو گیمز کھیلتے ہوئے گزارتے ہیں، ان میں انسولین کی مزاحمت کامسئلہ پیدا ہوتا ہے جو آگے بڑھ کر ذیابیطس کا باعث بن سکتا ہے۔تحقیق کے مطابق بچپن میں ہی لڑکوں یا لڑکیوں کو اسکرین کے سامنے کم وقت گزارنے کی ترغیب دینا مستقبل میں انہیں ذیابیطس ٹائپ ٹو جیسے مرض سے تحفظ دینے میں مددگار ثابت ہوسکتا ہے۔
اس تحقیق کے دوران نو سے دس سال کی عمر کے ساڑھے 4 ہزار بچوں کی روزمرہ کی مصروفیات کا جائزہ لیا گیا۔نتائج سے معلوم ہوا کہ جو بچے زیادہ وقت ٹی وی یا گیمز کے سامنے گزارتے ہیں،ان میں ذیابیطس کا باعث بننے والے عوامل جیسے خون میں چربی کا اجتماع، انسولین کی مزاحمت، گلوکوز لیول بڑھنا، بلڈ پریشر اور دیگر سامنے آتے ہیں۔محققین کا کہنا تھا کہ اسکرین کے سامنے وقت گزارنے اور لپٹن نامی ہارمون کی بلند سطح کے درمیان مضبوط تعلق پایا گیا ہے۔یہ ہارمون کھانے کی خواہش اور انسولین کی مزاحمت کو کنٹرول کرتا ہے۔