پیانگ یانگ:شمالی کوریا نے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل کے تازہ تجربے کو کامیاب قرار دیتے ہوئے کہا ہے اس میزائل کے تجربے کے بعد پورا امریکا ہمارے نشانے پر ہے ۔
تفصیلات کے مطابق شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ ان نے کہا کہ اس تجربے نے یہ ثابت کر دیا ہے کہ امریکہ اب ان کے میزائل کی رینج میں ہے۔یہ نیا تجربہ شمالی کوریا کے پہلے بین البراعظمی بیلسٹک میزائل تجربے کے تین ہفتے بعد کیا گیا ہے۔
دوسری طرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے 'شمالی کوریا کی جانب سے کیے جانے والے تجربے کو ’لاپرواہ اور خطرناک عمل' قرار دیا ہے۔چین نے بھی میزائل کے تجربے کی مذمت کر تے ہوئے کہا ہے کہ اس سے منسلک تمام فریقین کو ضبط سے کام لینا چاہیے اور کشیدگی سے بچنے کیلئے اقدام کرنا ہوں گے۔
اس تجربے کی تصدیق کرتے ہوئے شمالی کوریا نے کہا کہ بیلسٹک میزائل نے صرف 47 منٹ میں 3724 کلو میٹر کی بلندی حاصل کر لی تھی۔کوریا کی سینٹرل نیوز ایجنسی نے کہا: 'رہنما نے فخر کے ساتھ کہا کہ اب امریکہ کی ساری سرزمین ہمارے نشانے کی زد میں ہے۔'