پشاور: بارش سے گرمی کی شد ت کم ہونے پر لوگوں نے سکھ کا سانس لیا ۔شہریوں کی بڑی تعداد نے موسم خوشگوار ہونے پر تفریحی مقامات کا رخ کیا جبکہ بازاروں میں بھی کافی گہما گہمی دیکھی گئی ۔اتوار اور پیر کی درمیانی شب 2بجے سے 4بجے تک شہر میں موسلا دھار بارش ہوئی جس سے گرمی کا بڑھتا ہوا زور کچھ حد تک کم ہوگیا اور پیر کے روز موسم انتہائی خوشگوار رہا ۔سارا دن ٹھنڈی ہوائیں چلتی رہیں اور شہری خوشگوار موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے ۔
اس دوران تفریحی مقامات اور بازاروں میں کافی رش دیکھا گیا ۔پشاورگزشتہ ایک ہفتے سے شدید گرمی کی لپیٹ میں تھا اور بڑھتی ہوئی گرمی کی شدت کے باعث شہریوں کو شدید پریشانی اور مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا تھا تاہم گزشتہ روز ہونے والی بارش نے گرمی کا زور کم کر دیا جس پر شہریوں نے خوشی کا اظہار کیا ۔بارش کے دوران بیشتر علاقوں میں لوگ سڑکوں پر بھی نکل آئے اور رات گئے تک بارش سے لطف اندوز ہوتے رہے ۔