عمران خان بد حواسی میں بیان دینا بند کریں، قمر زمان کائرہ

08:52 AM, 31 Jul, 2017

اسلام آباد :پاکستان پیپلز پارٹی نے اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں تحریک انصاف کے سربراہ کی جانب سے آصف علی زرداری پر کی جانے والی تنقید پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان آصف زرداری پر تنقید کرنے کی بجائے اپنے آپ کو عدالتوں سے بری کروائیں اس کے بعد پیپلزپارٹی کی طرف آئیں ،چیئرمین پی ٹی آئی بد حواسی میں بیان دینا بند کریں ، جس طرح احتساب کا سامنا آصف زرداری نے کیا اس کی مثال نہیں ملتی ۔

 پریڈ گراؤنڈ میں تحریک انصاف کے’’ یوم تشکر ‘‘جلسہ میں عمران خان کے خطاب پر اپنے رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ عمران خان ہی نہیں ہم تو خود  کہہ رہے ہیں کہ سب کا احتساب ہونا چاہئے،عمران خان کو علم ہونا چاہئے کہ آصف زرداری تمام الزامات میں عدالتوں سے بری ہو چکے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو اب اپنی تقریروں میں کوئی نئی بات کرنی تھی اس لئے انہوں نے آصف زرداری کا نام لیا ،اگر وہ ہمارا مقابلہ کرنا چاہتے ہیں تو ہم تیار اور انہیں خوش آمدید کہتے ہیں ۔قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ عمران خان پاناما معاملے میں عدالت میں گئے اس کے علاوہ تو وہ ہمارے ہی نہیں سب کے ساتھ تھے ۔

دوسری طرف پیپلز پارٹی سندھ کے رہنما بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے عمران خان کی تقریر پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ عمران خان بد حواسی میں بیان دینا بند کریں ،اگلی باری آصف زرداری کی ضرور ہے لیکن حکومت کرنے کی باری ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کا جھوٹ بولنے میں کوئی مقابلہ نہیں ہے،جس احتساب کا سامنا اور مقابلہ  آصف زرداری نے کیا اس کی کوئی مثال نہیں ملتی ۔

نیو نیوز کی براہ راست نشریات، پروگرامز اور تازہ ترین اپ ڈیٹس کیلئے ہماری ایپ ڈاؤن لوڈ کریں

مزیدخبریں