افغان نائب گورنر کے بیٹے کی ٹی ٹی پی کے ساتھ ہلاکت: پاکستان کے خلاف دہشت گردانہ کارروائیوں کے ناقابل تردید ثبوت

08:35 PM, 31 Jan, 2025

اسلام آباد:30 جنوری 2025 کو افغان صوبہ بادغیس کے نائب گورنر مولوی غلام محمد کے بیٹے بدرالدین عرف یوسف کی ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ہلاکت نے افغانستان کی طرف سے پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی حمایت کے نئے شواہد فراہم کیے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق   ڈیرہ اسماعیل خان کے علاقے کلاچی میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ہلاک ہونے والے  یوسف افغان طالبان کے اعلیٰ عہدیدار کا بیٹا تھا اور وہ فتنہ الخوارج کے دہشت گردوں کے ساتھ مارا گیا۔ اس آپریشن کے دوران تین دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، جن میں یوسف بھی شامل تھا۔ رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ افغانستان کی سرزمین دہشت گردوں کے لیے محفوظ پناہ گاہ بن چکی ہے۔
پاکستان کے لیے یہ واقعہ ایک اشارہ ہے کہ افغانستان اپنی سرزمین کو دہشت گردوں کی پناہ گاہ اور تربیت گاہ کے طور پر استعمال کر رہا ہے، جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے کی سلامتی کو خطرہ لاحق ہے۔ذرائع کے مطابق  افغان طالبان اور ٹی ٹی پی کے تعلقات اب کسی سے چھپے نہیں رہے اور یوسف کی ہلاکت اس بات کو ثابت کرتی ہے کہ افغانستان میں موجود دہشت گرد گروہ پاکستان کے خلاف دہشت گردی کی کارروائیاں کرنے میں ملوث ہیں۔
پاکستان کا واضح موقف ہے کہ افغانستان کی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیاں مزید برداشت نہیں کی جا سکتی ہیں۔ پاکستان اپنی سرزمین پر دہشت گردی کی کسی بھی کوشش کا بھرپور جواب دے گا اور افغانستان سے توقع رکھتا ہے کہ وہ ان دہشت گرد گروپوں کے خلاف سخت کارروائی کرے۔
افغانستان کا دہشت گردی کو بطور ہتھیار استعمال کرنا پورے خطے کے استحکام کے لیے ایک سنگین خطرہ ہے۔ پاکستان اپنی خودمختاری اور سلامتی کے تحفظ کے لیے ہر ضروری قدم اٹھانے کے لیے پرعزم ہے۔

مزیدخبریں