اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کا چیف جسٹس کو خط: دوسری ہائیکورٹ سے جج کی تعیناتی پر اعتراض

07:03 PM, 31 Jan, 2025

نیوویب ڈیسک

اسلام آباد: اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے چیف جسٹس آف پاکستان یحییٰ آفریدی کو ایک خط لکھا ہے جس میں انہوں نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں دوسری ہائیکورٹ سے جج کی تعیناتی کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

خط میں کہا گیا ہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے موجودہ سینیارٹی سسٹم کے مطابق، چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ کو اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر سے منتخب کیا جانا چاہیے، اور دوسری ہائیکورٹ سے جج کی تعیناتی نہ کی جائے۔ ججز نے اس بات پر زور دیا کہ کسی بھی جج کی تعیناتی کے لیے بامعنی مشاورت کی ضرورت ہے اور اس کے لیے مضبوط وجوہات پیش کی جائیں۔

اس خط میں یہ بھی بتایا گیا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ اور سندھ ہائیکورٹ سے ججز کے تبادلے کے حوالے سے خبریں سامنے آ رہی ہیں، جس پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز نے سوال اٹھایا ہے کہ اس سے سینیارٹی پر اثر پڑ سکتا ہے۔ ججز نے کہا کہ اسلام آباد ہائیکورٹ کے اندر زیر التوا کیسز کی تعداد لاہور ہائیکورٹ سے کم ہے اور اس لحاظ سے اسلام آباد ہائیکورٹ کے سینیارٹی سسٹم میں تبدیلی نہیں کی جانی چاہیے۔

خط میں مزید کہا گیا کہ بار ایسوسی ایشنز نے بھی اس مسئلے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے، خاص طور پر اس بات پر کہ لاہور ہائیکورٹ سے جج کو ٹرانسفر کر کے اسلام آباد ہائیکورٹ کا چیف جسٹس بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔ ججز نے اس عمل کی آئینی حیثیت پر بھی سوالات اٹھائے ہیں۔خط کی ایک کاپی صدر پاکستان کو بھی بھیج دی گئی ہے۔

مزیدخبریں