اسلام آباد:اس ہفتے ملک میں مہنگائی کی شرح میں کمی دیکھنے کو ملی، اور سالانہ مہنگائی کی شرح 0.44 فیصد تک پہنچ گئی ہے۔
ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق، ایک ہفتے کے دوران 9 اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ، 16 اشیاء کی قیمتوں میں کمی، اور 26 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔
رپورٹ کے مطابق، چینی کی فی کلو قیمت میں 4 روپے 93 پیسے کا اضافہ ہوا، جس کے بعد چینی کی قیمت 145.50 روپے سے بڑھ کر 150.43 روپے فی کلو تک پہنچ گئی۔ اسی طرح، کیلے کی قیمت میں 5 روپے 89 پیسے فی درجن، چکن کی قیمت میں 4 روپے 9 پیسے فی کلو تک اضافہ ہوا، جس کے بعد چکن کی قیمت 440.59 روپے سے بڑھ کر 444.68 روپے فی کلو ہو گئی۔ چاول، کوکنگ آئل، ڈالڈا گھی اور بیف بھی مہنگی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں۔
دوسری طرف، ٹماٹر کی قیمت میں 13 روپے 94 پیسے، پیاز کی قیمت میں 13 روپے 43 پیسے، اور آلو کی قیمت میں 6 روپے 8 پیسے فی کلو تک کمی آئی۔ انڈوں کی قیمت میں بھی 13 روپے 2 پیسے فی درجن کمی آئی۔
اس کے علاوہ، دال چنا کی فی کلو قیمت میں 13 روپے 18 پیسے کی کمی ہوئی، اور ایل پی جی کے گھریلو سلنڈر کی قیمت میں 6 روپے 9 پیسے کی کمی آئی۔ دال ماش، آٹا، جلانے کی لکڑی اور دال مسور بھی سستی ہونے والی اشیاء میں شامل ہیں، جبکہ مٹن، تازہ دودھ، دہی، بریڈ اور دیگر 26 اشیاء کی قیمتوں میں استحکام رہا۔