کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ پاکستان اللہ کی ایک عظیم نعمت ہے، اور اس کی ترقی میں ہر شہری کو اپنا کردار ادا کرنا ضروری ہے۔
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری نے عید گاہ شریف گراؤنڈ میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے بھی اس تاریخی مسجد میں نماز ادا کی تھی۔ عید گاہ شریف کا تاریخی ورثہ ہماری دینی و ثقافتی شناخت کا حصہ ہے، اور مساجد کا کردار اسلامی تعلیمات کے پھیلاؤ میں بہت اہم ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام ایک مکمل ضابطہ حیات ہے اور پاکستان کی ترقی کے لیے اسلامی رہنمائی ضروری ہے۔ اللہ نے اس ملک کو بزرگان دین کی دعاؤں سے محفوظ رکھا ہے، جنہوں نے اسلام کی تبلیغ میں اہم کردار ادا کیا۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ کراچی میں طوفان اور سندھ میں سیلاب کی کئی بار پیشگوئیاں کی گئیں، لیکن ان تمام مشکلات کے باوجود ہم اپنے قدموں پر کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نبی اکرم ﷺ کی سیرت پر عمل کرنا ہمیں گوگل سے بھی زیادہ رہنمائی فراہم کرتا ہے۔
گورنر سندھ نے کہا کہ ہمیں اپنے دلوں میں محبت اور احساس پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ سب کو ایک دوسرے کو معاف کر کے ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور احترام کے ساتھ پیش آنا چاہیے۔ اگر ہم دلوں سے کچرا نکال کر محبت اور بھائی چارے کو فروغ دیں، تو پاکستان کی ترقی میں نمایاں اضافہ ہو گا۔
آخر میں، گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے عید گاہ شریف میں جمعہ کے اجتماع میں ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کے لیے دعا کی۔ اس موقع پر علماء کرام اور عوام سے ملاقات بھی کی گئی، اور اتحاد و یکجہتی پر زور دیا گیا۔ اس موقع پر پیر حسن حسیب الرحمان، مفتی سہیل امجدی اور دیگر علماء بھی موجود تھے۔